قاہرہ: مصر اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر ہفتہ کے روز ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں تین اسرائیلی فوجی جوان اور مصری سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار مارے گئے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورس (IDF) نے ایک بیان میں کہا کہ تینوں فوجیوں کو ہلاک کرنے والا حملہ آور مصری پولیس اہلکار تھا۔ اس نے پہلے دو فوجیوں، ایک مرد اور ایک خاتون کو ہلاک کیا، جو سرحدی چوکی پر ڈیوٹی پر تھے اور ایک تیسرے کو فائرنگ کے تبادلے کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا، جب سرچ آپریشن جاری تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک دیگر اسرائیلی فوجی کو ہلکی چوٹ آئی اور مصری بندوق بردار کو بھی جوابی فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز مصری فوج نے بتایا کہ اسرائیل کی سرحد کے نزدیک مصری سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے منشیات کے اسمگلروں کا تعاقب کرنے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین اسرائیلی فوجی جوان اور مصری سکیورٹی فورس کا ایک رکن ہلاک ہو گیا۔
فوج کے ترجمان عبد الحفیظ نے ایک بیان میں کہا، "مصری سکیورٹی فورس کا ایک رکن فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ دونوں فوجوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ٹویٹر پر کہا کہ انہوں نے دیگر دفاعی عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ اسرائیل اور مصر کی سرحد پر اس طرح کی مڈبھیڑ شاذ و نادر ہی ہوتی ہے کیونکہ دونوں ممالک نے 1979 کے امن معاہدے کے تحت قریبی سکیورٹی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ اسرائیلی فوج منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ سرحد پر اکثر تلاشی اور گرفتاری کی کارروائیاں کرتی ہے۔ 2014 میں اسرائیل نے افریقی ممالک سے اسرائیل میں مزدوروں کی غیر قانونی نقل مکانی روکنے کی کوشش میں مصر کے ساتھ سرحد پر 242 کلومیٹر طویل دیوار کی تعمیر مکمل کی۔
یہ بھی پڑھیں: Israeli Shot Dead مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا
یو این آئی