نئی دہلی: قطر کی ایک عدالت نے بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کے سزائے موت کے خلاف بھارت کی اپیل قبول کر لی ہے۔ دراصل بھارتی حکومت کی طرف سے گزشتہ ماہ قطر کی عدالت میں سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے قطری عدالت بھارت کی اپیل کا جائزہ لینے کے بعد اگلی سماعت کی تاریخ مقرر کرے گی۔
واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو قطر کی ایک عدالت نے بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے کیس میں ایک سال سے زائد عرصے تک ملک میں حراست میں رکھنے کے بعد موت کی سزا سنائی تھی۔ وزارت خارجہ نے جمعرات (23 نومبر) کو کہا کہ یہ فیصلہ خفیہ ہے اور اسے ہماری قانونی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا۔ تمام قانونی آپشنز پر غور کرتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے اور ہم قطری حکام سے رابطے میں ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ حکومت سابق بحریہ کے اہلکاروں کو تمام قانونی اور قونصلر مدد فراہم کرتی رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اگست 2022 میں قطر نے بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا اور وہ لوگ ااس وقت مشرق وسطیٰ کے ملک قطر میں واقع ایک کمپنی میں ملازم تھے۔
بھارتی بحریہ کے سابق افسران – کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کیپٹن سوربھ وشیشتھا، کمانڈر امیت ناگپال، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگناکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا اور سیلر راگیش کو قطر کی انٹیلی جنس ایجنسی نے 30 اگست 2022 کو دوحہ سے گرفتار کیا تھا۔ بحریہ کے سابق فوجیوں کی ضمانت کی درخواستیں قطری حکام نے متعدد بار مسترد کیں۔ رواں برس اکتوبر میں قطر کی ایک عدالت نے سزائے موت سنا دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں