الوقرہ، قطر: جمعرات کو قطر میں جاری ایشین کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف فلسطینی فٹ بال ٹیم کے مقابلے کے دوران اسٹیڈیم فلسطینیوں کی حمایت میں لگے نعروں سے ایک مرتبہ پھر گونج اٹھا۔ مقابلہ دیکھنے آئے فٹبال شائقین نے ایک آواز میں آزاد، آزاد فلسطین کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔
اس سے قبل اتوار کو ایران کے خلاف فلسطینی ٹیم کے مقابلے میں بھی اسی طرح کے نعرے لگائے گئے تھے اور فلسطین کی حمایت میں لگے نعروں سے اسٹیڈیم گونج اٹھا تھا۔ متحدہ عرب امارات کے خلاف فلسطینی فٹ بال ٹیم کے مقابلے کے دوران اسٹیڈیم میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کِک آف سے پہلے ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دونوں ٹیمیں خاموشی کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوگئیں۔ اس سے پہلے ہی الجنوب اسٹیڈیم کے ارد گرد بلند آواز میں نعرے بازی شروع ہوگئی تھی، اور یہ کچھ ہی دیر بعد دوبارہ شروع ہوگئی۔
قبل ازیں فلسطینی کھلاڑیوں نے قومی ترانہ کے بعد شائقین کو تالیاں بجا کر داد دی اور اس کے بعد میدان میں مقابلہ شروع ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی حملے میں زخمی 24 سالہ کراٹے چیمپئن دم توڑ گئی
واضح رہے صرف کھیل کے میدان ہی نہیں بلکہ امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آزاد فلسطین کی حمایت میں اور اسرائیلی جارحیت کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین اسرائیل اور امریکہ سے غزہ میں فوری مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔