تہران: پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ آج پاکستان ایران سرحد کی مند پشین گزرگاہ پر ایران سے گوادر تک بجلی کی سو میگاواٹ کی ترسیلی لائن کے POLAN-GABD منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم نے پاک ایران سرحد کو امن، بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی کی علامت بنانے کے لئے سرحدی حفاظت کے لائحہ عمل کو مزید مستحکم کرنے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہا کہ سرحدی سکیورٹی سے متعلق کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے کیونکہ پاکستان اور ایران مشترکہ سرحدوں کو پرامن اور محفوظ بنانے کیلئے تمام تر ذرائع اور توانائیاں استعمال کرینگے۔
ایرانی صدر نےکہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ایران پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانا چاہتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے مند پشین سرحدی گزرگاہ پر بار ڈر مارکیٹ کابھی افتتاح کیا۔یہ منڈی ان چھ سرحدی منڈیوں میں شامل ہے جو پاک ایران سرحد پر تعمیر کی جائیں گی۔دونوں رہنماؤں نے جذبہ خیرسگالی کے تحت سرحدی منڈی کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔ادھراطلاعات و نشریات کی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ یہ منصوبہ دوہزار نو سے زیرالتوا تھا اور اب وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میںچار ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ترقی، تجارت، کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے مستقبل میں گوادر اور بلوچستان کے عوام کی خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: Pakistan ban on PTI پاکستان میں پی ٹی آئی کو کالعدم تنظیم قرار دینے کی قواعد
یو این آئی