رملہ: فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکہ کی مرکزی خفیہ تحقیقاتی ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنز پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف یکطرفہ اقدامات ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ وفا خبر رساں ایجنسی نے محمود عباس کے حوالے سے بتایا کہ بینجامن نیتن یاہو کی قیادت میں نئی اسرائیلی حکومت پر یکطرفہ اقدامات کو روکنے اور بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے فوری مداخلت کرنا ضروری ہے۔
مغربی کنارے کے شہر راملہ میں صدارتی ہیڈکوارٹر میں ہونے والی ملاقات کے دوران فلسطینی صدر محمود عباس نے سی آئی اے کے ڈائرکٹر کو بتایا کہ خطے میں سب کے لیے سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے بین الاقوامی قراردادوں کی بنیاد پر سیاسی جمود کو بحال کرنا ضروری ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق عباس نے برنز کو مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں کشیدگی کے تازہ ترین واقعات اور حالیہ واقعات سے بھی آگاہ کیا۔ عباس سے ملاقات سے قبل برنز نے مغربی کنارے میں فلسطینی سیکورٹی آپریٹس کے سربراہوں سے بات چیت بھی کی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان سی آئی اے کے سربراہ جمعرات کو اسرائیل پہنچے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ اسرائیل میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ صرف جنوری 2023 میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں تقریباً 32 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Saudi on Palestinian State فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی خطے میں استحکام ممکن ہے، سعودی وزیر خارجہ
Rishi Sunak Sacks Nadhim Zahawi رشی سنک نے کنزرویٹو پارٹی کے صدر ندیم زہاوی کو عہدہ سے برطرف کر دیا
Israeli Army Kills Palestinian اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی بچہ جاں بحق
اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں 1967 سے فوجی قبضے میں رہنے والے فلسطینیوں پر باقاعدگی سے چھاپے، گرفتاریاں اور قتل عام کرتی رہتی ہے۔ اسرائیلی فورسز نے 2022 میں مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں کم از کم 171 فلسطینیوں کو ہلاک کیا، جن میں 30 سے زائد بچے بھی شامل تھے اور کم از کم 9000 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 2022 کو مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے لیے 16 سالوں میں سب سے مہلک سال قرار دیا۔
گزشتہ برس مارچ میں شروع ہونے والے اسرائیلیوں پر فلسطینیوں کے انفرادی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے "بریک دی ویو" کے نام سے ایک مہم شروع کی، جس کے تحت مغربی کنارے خاص طور سے جنین اور نابلس میں تقریباً روزانہ چھاپے، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور ہلاکتیں کی جارہی ہیں۔