پاکستان کے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے حکم کے خلاف فیصلہ سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت یافتہ پرویز الٰہی Pervez Elahi نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ابتدائی طور پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو حکم دیا تھا کہ وہ پرویز الٰہی سے حلف لیں تاہم انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے نتیجے میں صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ New Punjab CM of Pakistan
گورنر پنجاب کے انکار کے بعد، پرویز الٰہی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے حلف لینے کے لیے منگل کی رات دیر گئے اسلام آباد روانہ ہوئے۔ صدر علوی نے تقریب حلف برداری میں الٰہی کو اسلام آباد لانے کے لیے خصوصی طیارہ بھیجا تھا۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مزاری کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الٰہی صوبے کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے 11 صفحات پر مشتمل ایک مختصر حکم نامے میں کہا، ’’ہمیں یہ معلوم ہوا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے دیا جانے والا فیصلہ واضح طور پر غلط تھا اور اسے برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔ اس کے ساتھ ساتھ پرویز الٰہی کو پنجاب کا باضابطہ منتخب وزیراعلیٰ قرار دے دیا کیونکہ عدالت نے فیصلہ دیا کہ حمزہ کے 179 کے مقابلے میں انہوں نے 186 ووٹ حاصل کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے اپنے مختصر حکم میں، حمزہ کی تمام تقرریوں کو "غیر قانونی" قرار دیا اور ان کی کابینہ کے ارکان سے کہا کہ وہ اپنے دفاتر خالی کر دیں۔حمزہ کے مقرر کردہ تمام مشیروں اور معاونین کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں حکمران اتحاد کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیت کے بعد یہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی ایک اور بڑی جیت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے پنجاب انتخابات میں پرویز الٰہی کو شکست دی تھی کیونکہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مزاری نے مسلم لیگ (ق) کے 10 ووٹوں کو پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت کی جانب سے حمزہ کے حق میں ووٹ دینے پر زور دینے کے بعد مسترد کر دیا تھا۔ جس کے بعد پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ کا رخ کیا جہاں پر انھیں کامیابی ملی۔