یونان میں دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم میں 32 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اس حادثے میں 85 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ حادثے کے بعد تصاویر میں ٹرین کے ڈبے پٹریوں کے کنارے بکھرے پڑے نظر آئے۔ امدادی کارکنوں نے دیر رات ہی ٹارچ کی روشنی میں ٹرین میں پھنسے مسافروں کو باہر نکلالنے کی کارروائی شروع کردی۔
یونانی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ دیر رات پیش آیا۔ حادثہ کس کی غلطی سے پیش آیا، فی الحال یہ واضح نہیں ہے۔ یونان کے علاقے تھیسالی کے گورنر نے بتایا کہ ایک مسافر ٹرین ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جا رہی تھی جب کہ دوسری مال بردار ٹرین تھیسالونیکی سے آ رہی تھی۔ یہ دونوں ٹرینیں لاریسا شہر سے پہلے تصادم کا شکار ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین میں تقریباً 350 افراد سوار تھے۔ ان میں سے 250 مسافروں کو ٹرین سے بحفاظت نکال کر بسوں سے تھیسالونیکی شہر روانہ کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے وقت موقع پر موجود عام لوگوں نے بھی ریسکیو ٹیم کی مدد کی۔ واقعے کے کچھ دیر بعد فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچی۔ ریسکیو آپریشن میں شامل ایک ورکر نے بتایا کہ رات کے اندھیرے کے ساتھ ساتھ حادثے کے بعد ہر طرف دھواں پھیلنے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم ٹیم پوری کوشش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: