کولمبو: سری لنکا کے کنزیومر پرائس انڈیکس میں سال بہ سال تبدیلی آنے کی وجہ سے ستمبر میں افراط زر کی شرح بڑھ کر 69.8 فیصد ہو گئی جو گزشتہ ماہ اگست میں 64.3 فیصد تھی۔ ایک روزنام اخبار نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔Inflation in Sri Lanka
سری لنکا کے روزنامہ اخبار نے جمعہ کے روز محکمہ مردم شماری اور شماریات کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مہنگائی میں اضافہ خوردنی اور غیر غذائی اشیاء دونوں زمرے میں ماہانہ اضافے کی وجہ سے ہوا۔ محکمہ نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ستمبر میں 94.9 فیصد اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ ماہ اگست میں 93.7 فیصد تھا۔ غیر غذائی زمرے میں مہنگائی اگست میں 50.2 فیصد سے بڑھ کر ستمبر میں 57.6 فیصد ہوگئی۔ محکمہ نے کہا کہ اس سال غیر خوردنی زمرے میں ٹرانسپورٹ، تعلیم، رہائش، گیس، بجلی اور مواصلات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
سری لنکا 1948 میں آزادی کے بعد اپنے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر اشیائے ضروریہ جیسے خوراک، ایندھن اور ادویات کی قلت ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قلت کے باعث مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ساتویں آسمان کو چھو رہی ہیں جس کے باعث عوام کو غذائی اجناس کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یو این آئی