بڈاپسٹ: ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہنگری نے قدرتی گیس کی خریداری کے لیے قطر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ وکٹر اوربان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ’’گزشتہ ایک سال میں ہم نے دیکھا ہے کہ قطر یورپ کے لیے بہت اہم ملک بن گیا ہے۔ یورپی معیشت نے قطر سے حاصل ہونے والی ایل این جی کے ذریعے روسی گیس کے ایک اہم حصے کی تلافی کردی ہے۔ ہم نے توانائی کے تعاون پر اتفاق کیا ہے اور ہم قطر سے گیس خریدیں گے کیونکہ ایک ملک پر منحصر رہنے کے مقابلے میں کئی پر انحصار کرنا ہمیشہ بہتر آپشن ہوتا ہے۔ انہوں نے بات چیت کے بعد یہ بھی کہا کہ ہنگری اور قطر دونوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی نیز ہوائی نقل و حمل کو بڑھانے، مواصلات اور زراعت میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات تلاش کیے ہیں۔ ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے یہ بھی کہا کہ ان کے ملک کی طرح قطر بھی یوکرین روس جنگ کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے ثالثی کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ نومبر 2022 میں قطر نے چین سے بھی ہاتھ ملایا تھا۔ قطر نے چین کے ساتھ 27 سالہ قدرتی گیس کی فراہمی کے معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اسے دنیا کا سب سے طویل گیس سپلائی معاہدہ قرار دیا گیا۔ قطر کی سرکاری توانائی کمپنی قطر اینرجی اپنے نئے نارتھ فیلڈ ایسٹ پروجیکٹ سے چائنا پیٹرولیم اینڈ کیمیکل کارپوریشن کو سالانہ چار ملین ٹن مائع قدرتی گیس بھیجے گی۔
یہ بھی پڑھیں: Europe Gas Shortage یورپ کو 2023 میں گیس کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، آئی ای اے
یو این آئی