کیگالی: روانڈا کے مغربی اور شمالی صوبوں میں گذشتہ دو دنوں کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم 109 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ اطلاع مقامی حکام نے دی۔ مغربی صوبے کے گورنر فرانکوئس ہیبیٹ گیکو نے بدھ کی صبح قومی نشریاتی روانڈا ٹیلی ویژن کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب صوبے میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب میں کم از کم 95 افراد ہلاک ہو گئے۔شمالی صوبے کے گورنر ڈینسل نیاروگیرو نے بھی ٹیلی ویژن پر تصدیق کی کہ اسی دن شدید بارش سے کم از کم 14 افراد کی اموات ہوئیں۔
فرانکوئس ہیبیٹ گیکو نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس آفت سے متاثرہ افراد کو راحت اور امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام اور ہنگامی خدمات کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔روانڈا کی موسمیاتی ایجنسی کی تازہ ترین موسم کی پیشن گوئی نے اشارہ کیا کہ ملک کے کئی حصوں میں متوقع بارش مئی میں عام طور پر ریکارڈ کی جانے والی بارش سے تھوڑی زیادہ ہوگی۔ ایمرجنسی مینجمنٹ کے انچارج وزارت کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، یکم جنوری سے 20 اپریل کے درمیان ملک میں آفات سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ وہیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ نے راحت رسانی کا کام شروع کر دیا ہے۔
یو این آئی