اسلام آباد: پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ہفتہ کو وزیر اعظم شہباز شریف، ان کے صاحبزادے و پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ FIA Demands Arrest of Shahbaz And Hamza
پاکستانی میڈیا کے مطابق ایف آئی اے نے خصوصی عدالت کو بتایا ہے کہ ایجنسی باپ بیٹے کو 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ ہفتہ کو عدالت میں سماعت کے دوران ایجنسی کے وکیل نے کہا کہ وہ تفتیش کا حصہ نہیں بن رہے ہیں۔ تاہم حمزہ کے وکیل نے ان دعوؤں کی تردید کی اور ایف آئی اے پر عدالت کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنماؤں کے وکیل نے جرح کے دوران کہا کہ ایف آئی اے گزشتہ ڈیڑھ سال سے تحقیقات کر رہی ہے اور وہ ان کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کر سکی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جیل میں رہتے ہوئے ایف آئی اے نے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
Fuel Price Hike in Pakistan: پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں تیس روپے فی لیٹر اضافہ، عمران خان کا ٹویٹ
پاکستانی میڈیا کے مطابق دسمبر 2021 میں ایجنسی نے شہباز اور حمزہ کے خلاف چینی اسکینڈل کے ایک کیس میں 16 ارب روپے کے غلط استعمال میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر عدالت میں 'چالان دائر کیے تھے۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق ٹیم نے شہباز خاندان کے 28 بے نامی اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے جن کے ذریعے 2008 سے 2018 کے درمیان 16.3 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ ایف آئی اے نے 17 ہزار کریڈٹ ٹرانزیکشنز کی منی ٹریل کی چھان بین کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت تمام ملزمان کی ضمانت میں 11 جون تک توسیع کردی گئی۔ لاہور کی خصوصی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس پر سماعت ہوئی، عدالت نے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔