پراگ: چیک جمہوریہ نے دارالحکومت پراگ کی ایک یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے کے بعد 23 دسمبر کو سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ چیک حکومت نے یہ اعلان ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد کیا اور شہریوں سے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پراگ کی چارلس یونیورسٹی میں 21 دسمبر جمعرات کو ایک مشتبہ شخص کی فائرنگ سے کم از کم 14 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے، جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ چیک پولیس کے صدر مارٹن وونڈراسیک نے کہا کہ فیکلٹی کی عمارت کے اندر اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ اگر پولیس کی فوری مداخلت نہ ہوتی تو اور بھی بہت سے متاثرین ہوتے۔
چارلس یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے فوری طور پر یونیورسٹی کی عمارتوں میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے اور جمعرات کی شام اور جمعہ کو ہونے والے تمام پروگراموں کو منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔ ہم اپنی یونیورسٹی کمیونٹی کے ارکان کی جان کے ضیاع پر غمزدہ ہیں، تمام سوگواروں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ہمارے خیالات اس سانحے سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں کے ساتھ ہیں۔
چیک کے وزیر اعظم پیٹر فیالا نے میڈیا کو بتایا کہ شوٹنگ کو ایک خوفناک فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایسا لگتا ہے کہ یہ فائرنگ کسی تنہا بندوق بردار کی کارروائی تھی، یہ نہ تو بین الاقوامی دہشت گردی تھی اور نہ ہی کسی منظم گروہ کی کارروائی تھی۔ لیکن جمہوریہ چیک کی تاریخ میں اس خوفناک واقعے کی مثال نہیں ملتی۔ وزیر داخلہ وٹ راکوسان نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ اس شوٹنگ کا تعلق بین الاقوامی دہشت گردی سے تھا۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس پراگ کی ایک یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر فائرنگ سے صدمے میں اور غمزدہ ہیں۔ گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے متاثرین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے چیک جمہوریہ کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔