غزہ/رملہ: غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کم از کم 16 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع جمعہ کے روز فلسطینی سیکورٹی اور طبی ذرائع نے دی۔ غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق، ساحلی علاقے میں غزہ اور اسرائیل کو الگ کرنے والی مشرقی باڑ پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں کم از کم نو فلسطینی زخمی ہو گئے۔ اسی دوران غزہ میں فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ غزہ کے مشرق میں مقامی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے گاڑیوں کے ٹائر جلائے اور اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا، جس کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔
رام اللہ میں فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز مغربی کنارے کے گاؤں كفر قدّوم میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں کم از کم سات فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے۔
- اسرائیلی شہریوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک فلسطینی کی موت
- فلسطین اسرائیل تنازع: سلامتی کونسل کا اتوار کو اجلاس
اس سے قبل ویسٹ بینک میں اسرائیلیوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک فلسطینی نوجوان ہلاک ہوگیا۔ یہ اطلاع فلسطین کی وزارت صحت نے دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ 'اتوار کی شب شمالی ویسٹ بینک شہر نابلس کے جنوب میں جاترہ علاقے میں اسرائیلی آبادکاروں اور فوج کی یونٹوں کے حملے کی وجہ سے 37 سالہ سامح اکتاش کی موت ہوگئی۔ دریں اثناء فلسطینی ریڈ کریسنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتوار کی شام نابلس کے قریب واقع شہر حوارہ میں اسرائیلی فوجیوں اور آباد کاروں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 98 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلیوں نے حوارہ میں فلسطینیوں پر حملہ کیا اور فلسطینی گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگا دی۔ (یواین آئی)