بیجنگ: چینی وزیر خارجہ کن گینگ گوا میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کے لیے بھارت آئیں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو کہا کہ اجلاس میں کن گینگ شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ 4 اور 5 مئی کو گوا میں منعقد ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ اجلاس کے دوران ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ کن گینگ ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کن گینگ معیشت اور معاش سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے میانمار کا بھی دورہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
- پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت آئیں گے
- چینی وزیر دفاع ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کیلئے دہلی پہنچ گئے
واضح رہے کہ کن گینگ نے نئی دہلی میں جی 20 وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی تھی اور دو طرفہ تعلقات کی موجودہ حالت اور چیلنجز تبادلہ خیال کیا تھا۔ کن گینگ کو گزشتہ سال دسمبر میں چین کا نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل چین کے وزیر دفاع جنرل لی شانگ فو گزشتہ ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کے لیے دہلی پہنچے تھے۔ اس دوران انھوں نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے دوطرفہ ملاقات بھی کی تھی۔