بیجنگ: چینی وزیر خارجہ کن گینگ 5 سے 6 مئی تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہوں گے جس کے دوران وہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اپنے افغان ہم منصب سے بات چیت کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤننگ نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ پاکستان کے رہنما سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات کے چوتھے دور میں پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ شرکت کریں گے۔چینی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ 'چین کو امید ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ ہوگا، اسٹریٹجک رابطے کو تقویت ملے گی، مشترکہ مستقبل کے لیے نئے دور میں چین اور پاکستان کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور خطے کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ دونوں ممالک مل کر دنیا بھر میں مثبت توانائی منتقل کر سکیں گے۔' پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ 'بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی منظر نامے میں دونوں فریق اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کثیر جہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔' چین۔پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی آخری میٹنگ جولائی 2021 میں چین کے شہر چینگڈو میں ہوئی تھی۔
یو این آئی