چین کے نائب وزیر خارجہ زی فینگ نے خبردار کیا کہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے نتائج سنگین ہوں گے اور چین خاموش نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے نینسی پلوسی کے دورے کو شیطانی قراردیا۔ چین کی وزارت خارجہ نے نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک چین اصول کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پلوسی کا دورہ چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کا شدید اثر چین امریکا تعلقات کی سیاسی بنیاد پرپڑے گا۔
دوسری جانب روس نے چین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نینسی پلوسی کا دورہ اشتعال انگیزی ہے۔ چین کو اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لئے کارروائی کا حق حاصل ہے۔ چین تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے جبکہ تائیوان اپنے آپ کو خود مختار ریاست قرار دیتا ہے۔
چین کی جانب سےجنگ کی دھمکیوں کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں۔ امریکی پارلیمان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر تائیوان پہنچ گئیں۔ نینسی پلوسی 25 سال میں تائیوان کا دورہ کرنے والی پہلی اعلیٰ سطح کی امریکی شخصیت بن گئیں۔ نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر دارالحکومت تائپی میں 101 اسکائی سکرائپر ٹاور پر انگریزی اور چینی زبان میں ویلکم میسج ، تھینک یو، ویلکم یو ایس ان تائیوان، ویلکم اسپیکر پلوسی جیسے الفاظ نشر کیے گئے۔ وہ اپنے دورے میں تائیوان کی صدر سے ملاقات کریں گی جس میں باہمی امور کی دلچسپی سمیت خطے میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Al-Qaeda after Ayman al-Zawahiri: ایمن الظواہری کے بعد القاعدہ
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ دنیا کو آمریت اور جمہوریت کے درمیان انتخاب کا سامنا ہے۔ جمہوری تائیوان کیلئے امریکی وابستگی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے اور یہ دورہ امریکا کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی تائیوان عوام کے ساتھ یکجہتی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکی ہے۔