بیجنگ: چین کے جنوبی گوانگ ڈونگ صوبے کے لیان جیانگ میں ایک کنڈرگارڈن میں چاقو کے وار سے تین بچوں سمیت چھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ شہری حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حملہ پیر کو گوانگ ڈونگ صوبے کے لیان جیانگ میں ہوا۔ انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرین میں ایک استاد، دو والدین اور تین طالب علم شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اس کیس کو جان بوجھ کر حملہ قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے حملے کے الزام میں ایک 25 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود چین نے حالیہ برسوں میں اسکولوں میں چاقو سے حملے کے متعدد واقعات دیکھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
گزشتہ اگست میں بھی اسی نوعیت کے 2 حملے کنڈرگارڈن پر ہوئے تھے، ایک صوبہ جیانگسی میں جس میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے جبکہ دوسرا حملہ اپریل 2021 میں جنوبی چین میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 طلبا ہلاک اور 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پچھلے سال جون میں، جنوبی چین کے ایک پرائمری اسکول میں چاقو بردار حملہ آور نے 37 طلباء اور دو بالغ افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ اپریل 2018 میں ایک 28 سالہ شخص نے شمالی صوبے شانسی میں کالج کے نو طالب علموں کو ہلاک اور 12 دیگر کو ان کے اسکول کے باہر زخمی کر دیا۔ حملہ آور نے بعد میں کہا کہ اس نے اسی اسکول کے ایک طالب علم کی طرف سے ہراساں کیے جانے کے بعد انتقامی کارروائی کی۔