میکسیکو سٹی: میکسیکو کے صوبہ گوریرو میں سمندری طوفان آٹس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 48 ہو گئی ہے جب کہ 36 افراد اب تک لاپتہ ہیں۔ ریاست کے گورنر ایولین سالگاڈو نے اتوار کے روز اطلاع دی۔ صوبہ کے گورنر نے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور کو فون پر بتایا کہ مہلوکین کی یہ تعداد ابھی ابتدائی ہے۔
آٹس سمندری طوفان بدھ کے روز بحرالکاہل سے متصل ساحلی علاقے گوریرو سے ٹکرایا تھا، جس سے خاص طور پر میکسیکو کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک اکاپولکو کے تفریحی مقام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ لوپیز اوبراڈور نے کہا کہ سرکاری فیڈرل الیکٹرسٹی کمیشن نے طوفان کی زد میں آنے والے 10,000 کھمبوں میں سے 3,211 بجلی کے کھمبوں کو کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے اندازہ لگایا کہ پیر کی رات تک اکاپلکو میں بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔ جس کے بعد ایندھن جیسے پٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کی فراہمی بحال ہوسکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:میکسیکو میں انسانی باقیات کے درجنوں تھیلے برآمد
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، محکمہ صحت نے ایک اسپتال میں زیریں منزل پر سیلاب کی اطلاع دی۔ دریں اثنا، حکام کی طرف سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق، دوسرے اسپتال میں الیکٹرو مکینیکل آلات اور دواؤں کی فراہمی متاثر ہوئی۔ طوفان کی وجہ سے درخت گر گئے اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ درختوں کے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہو گئیں۔