پیرس: فرانس کے مغربی کمیون کے سینٹ سولین میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 200 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ معلومات بی ایف ایم ٹی وی کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔ فرانس کی میڈیا رپورٹس کے مطابق، زرعی ضروریات کے لیے ایک بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے خلاف ہفتے کے روز سینٹ سولین میں مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے مولوٹوف کاک ٹیل کا استعمال کیا اور کم از کم چار پولیس گاڑیوں کو نذرآتش کردیا۔ فرانس کی وزارت داخلہ کے مطابق جھڑپوں میں 35 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ بی ایف ایم ٹی وی نے کہا کہ سینٹ سولین میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران 200 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ اس احتجاج میں 10 لاکھ سے زیادہ لوگ شامل ہوئے۔ بتا دیں کہ مظاہرین نے 23 مارچ کو بورڈو ٹاؤن ہال کو آگ لگا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کو فرانس میں سڑکوں پر ہونے والے احتجاج میں تقریباً 10 لاکھ افراد نے حصہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی دارالحکومت پیرس میں ہونے والے مظاہرے میں تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار افراد نے شرکت کی۔ پیرس اور اس کے اطراف میں جمعرات کو 450 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے پنشن اصلاحات کو لے کر جمعہ کو بھی ملک میں مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے۔ جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت کی رفتار کم ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: France Pension Reform فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف دس لاکھ سے زائد لوگوں کا احتجاج
یو این آئی