عالمی نمائش دبئی ایکسپو (Dubai Expo) میں متحدہ عرب امارات کے حکام کی موجودگی میں نیا پروجیکٹ لانچ کیا گیا ہے اور یہ نیا پروجیکٹ متحدہ امارات کی ریاستوں کے درمیان اب ’اتحاد ٹرین‘ چلائےگا۔
حکام کے مطابق اتحاد ٹرین میں ابوظہبی سے دبئی کا سفر 50 منٹ اور ابوظہبی سے فجیرہ کا سفر 100 منٹ میں طے ہوگا۔
اتحاد ٹرین مشرق وسطی میں کارگو سروس کے لئے متعارف کرائی گئی ہے، یہ ٹرین گیارہ اہم شہروں کو ملائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ چند برسوں میں عام مسافر بھی اتحاد ٹرین استعمال کرسکیں گے۔
متحدہ عرب امارات کے اس مسافر ٹرین پروجیکٹ پر 13 ارب ڈالرز خرچ ہوں گے اور یہ منصوبہ 2030 میں مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کی پہلی بین الاقوامی نمائش ’دبئی ایکسپو 2020‘ کو گذشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس نمائش کا باضابطہ افتتاح یکم اکتوبر 2021 بروز جمعے سے ہو چکا ہے۔ دبئی ایکسپو میں دنیا بھر کے ممالک اپنی اپنی پویلین کے ذریعے اپنے آرٹ، کلچر اور ایجادات کو دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں۔
ایکسپو 2020 سائٹ میں داخل ہونے کے لیے زائرین کو منفی پی سی آر ٹیسٹ یا کووڈ 19 ویکسینیشن کا ثبوت دکھانا لازمی ہے۔
دبئی ایکسپو جس جگہ منعقد کیا گیا ہے، وہ کچھ عرصہ پہلے ایک ہزار 80 ایکڑ پر مشتمل ایک بنجر ریگستان تھا اور پھر جب اس مقام کا انتخاب نمائش کے لیے کیا گیا تو ایک دہائی سے بھی کم عرصے بعد اس صحرائی علاقے کو روشنی و رنگینی سے سجا دیا گیا۔
اب صحرا میں قائم نمائش گاہ کے پہلو میں ایک نیا میٹرو اسٹیشن بھی تعمیر کیا جا چکا ہے۔ نمائش گاہ میں کئی مقامات پر روبوٹس بھی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔