مناسکِ حج کی ادائیگی سے قبل مکہ مکرمہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر کے باہر چوکیاں قائم کی گئیں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مناسب اجازت نامے والے حجاج ہی یہاں سے گزر سکیں۔
اس دوران سکیورٹی اہلکار مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کے قریب کے وسطی علاقے کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر گشت کریں گے تاکہ اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایمرجنسی سینٹر نمبر 911 پر مزید پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کر سکیں۔
ایمرجنسی سینٹر پر تعینات پولیس افسر لیفٹیننٹ سعد القحطانی نے بتایا کہ "ہمیں محض دو سیکنڈ میں کال موصول ہوتی ہے اور ہم اسے اعلیٰ معیار اور درستگی کے ساتھ ایک جدید ٹیکنیکل سسٹم کے ذریعے 45 سیکنڈ سے بھی کم عرصے میں متعلقہ اعلیٰ حکام کو پہنچاتے ہیں۔"
واضح رہے کہ کورونا وبائی امراض کی وجہ سے صرف 60،000 سعودی میں مقیم عازمین کو ہی اس برس مناسک حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔
اس سال پہلی بار عازمین کو اسمارٹ کارڈ فراہم کیا گیا ہے، جس کا استعمال وہ کیمپ، ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کرسکیں گے۔
یہ دوسرا سال ہے جب کورونا وبائی مرض نے حج کو محدود کیا ہے اور بیرون ملک کے لوگ سفر حج نہیں کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مناسکِ حج کی ادائیگی کا آج سے آغاز
عام طور پر ہر سال 20 لاکھ حجاج کرام حج کی ادائیگی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ عازمینِ حج آج سے مناسکِ حج کی ادائیگی کا آغاز کریں گے، حج کا سب سے اہم رکن اعظم وقوفِ عرفہ پیر کو ہوگا۔