سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ روز رواں برس حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے اب تک حج کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ موصول ہونے والی درخواستیں صرف 24 گھنٹوں میں ملی ہیں، وزارت حج و عمرہ نے لنک 24 گھنٹے قبل جاری کیا تھا۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد مرد حضرات کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین کی ہیں۔
حج کی درخواستیں جمع کروانے کا ابتدائی مرحلہ غیر حتمی ہے جس میں خواہشمند افراد اپنے کوائف کا اندراج کرائیں گے، درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 13 ذی القعد تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
(یو این آئی)