فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کو امریکہ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ظاہر کی۔
ڈبلیو اے ایف اے نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسٹر عباس نے نائب صدر کملا ہیرس کو بھی مبارکباد دی اور حساس مسائل کے حل کی سمت میں ان کی کامیابی کی تمنا کی۔
فلسطینی رہنما نے کہا کہ ’امید ہے کہ مغربی ایشیا خطہ ہی نہیں بلکہ دنیا میں امن اور استحکام کے لیے ہم ساتھ مل کر کام کریں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: بغداد: دو خودکش بم دھماکوں میں 28 ہلاک، 73 زخمی
خیال رہے کہ فلسطین میں تقریبا ایک دہائی سے زائد عرصہ کے بعد رواں برس پہلے قومی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں پارلیمانی، صدارتی اور قومی کونسل کے انتخابات شامل ہیں۔
اطلاع کے مطابق، فلسطین کے صدر محمود عباس کے دستخط شدہ ایک فرمان کے تحت پارلیمانی انتخابات 22 مئی کو، صدارتی انتخابات 31 جولائی کو اور فلسطینی نیشنل کونسل کے انتخابات 31 اگست 2021 کو ہوں گے۔
بتا دیں کہ گذشتہ برس مئی میں فلسطین نے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ سبھی معاہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں امن، سیکیورٹی معاہدوں سمیت تمام معاہدے شامل ہیں۔