خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نائف فلاح مبارک الحجرف نے سعودی عرب اور قطر کے درمیان فضائی، زمینی اور بحری حدود کھولے جانے کے سمجھوتے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس سمجھوتے کا اعلان کویت کے وزیر خارجہ شیخ احمد ناصر الصباح نے کیا۔
یہ اعلان کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ٹیلی فون رابطوں کے بعد سامنے آیا۔
واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کا 41 واں سربراہ اجلاس سعودی عرب کے شمال مغرب میں واقع ضلع العُلا میں جاری ہے۔ اجلاس کی دعوت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
سعودی عرب کا قطر کے ساتھ سرحدیں دوبارہ کھولنے کا اعلان
'جی سی سی اجلاس سے خلیجی ممالک کے درمیان اتحاد ہوگا'
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل نائف فلاح مبارک الحجرف نے باور کرایا تھا کہ دنیا بھر میں درپیش غیر معمولی حالات کے باوجود سربراہ اجلاس کا انعقاد اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ شریک ممالک کی قیادت کونسل کو ایک ایسے نظام کے طور پر برقرار رکھنے کی خواہاں ہے جو مشکلات اور چیلنجوں سے نمٹ سکے۔
سعودی فرماں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کونسل کے رکن تمام ممالک کے سربراہوں کو اس اجلاس میں شرکت کے دعوت نامے بھیجے تھے۔ جی سی سی میں سعودی عرب کے علاوہ قطر، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور سلطنت آف عُمان شامل ہیں۔