لبنانی دارالحکومت بیروت میں ایندھن کے ایک ڈپو میں ہونے والے زوردار دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور پچاس سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
لبنان کے حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ گنجان آبادی والے طارق الجدہدہ کے علاقے میں ہوا۔
عمارت میں رہائش پذیر لوگوں کے مطابق مکان مالک ڈیزل کو عمارت میں رکھتا تھا اور دیگر ذرائع کے مطابق ڈپو میں پیٹرول کے کئی ڈبے رکھے ہوئے تھے۔
اس زوردار دھماکے کے بعد ماہرین اس کی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا اس جگہ پر دھماکہ خیز مادہ جمع کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ڈاکٹرز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوع پر بھیج دی گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ عمارت کے رہائشیوں کو نکال لیا گیا ہے۔
یہ دھماکہ کس طرح ہوا اس کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔