اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا 47 واں اجلاس جمہوریہ نائجر کے دارالحکومت نیامی میں 27 اور 28 نومبر 2020 کو منعقد ہوا۔
اس اجلاس کا عنوان 'امن اور ترقی کے لئے دہشت گردی کے خلاف متحدہ حکمت عملی' تھا۔
- سی ایف ایم سیشن کا ایجنڈا:
رواں برس وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) سیشن کے ایجنڈے میں مسلم ممالک سے متعلق کئی موضوعات کو زیر بحث لایا گیا۔
او آئی سی کے موجودہ سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف الاثمین نے وضاحت کی کہ 'مسلم دنیا سے متعلق موضوعات اور اس پر گفتگو کی ایک طویل فہرست ہے'۔
- فلسطینی کاز اور اسلامو فوبیا کا بھی ذکر:
انھوں نے کہا کہ 'او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 47 ویں اجلاس میں فلسطینی کاز کے علاوہ تشدد، انتہا پسندی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ، اسلامو فوبیا اور مذہبی ہتک عزت کے ضمن میں مختلف نقطۂ نظر سے روشنی ڈالی گئی'۔
الاثمین نے کہا کہ 'اکیسویں صدی میں امن اور خوشحالی کی پہلے سے بھی زیادہ اہمیت ہے'۔
- کووڈ 19 اور نظام صحت:
عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے ضمن میں بھی اس اجلاس میں گفتگو کی گئی۔
اس ضمن میں کئی وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے ممالک کے عوام کے لیے صحت کے ضمن میں بہتر سہولیات پر زور دیا۔
او آئی سی کے ذرائع کے مطابق کونسل نے غیر رکن ممالک میں مسلم اقلیتوں اور دیگر برادریوں کی صورت حال پر تبادلۂ خیال بھی کیا ہے۔
- او آئی سی 2025: پلان آف ایکشن:
او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی دو دن کی میٹنگ کے دوران 'او آئی سی 2025: پلان آف ایکشن' کے لیے بھی منصوبہ بندی کی گئی۔
مزید پڑھیں: حسین براہیم طٰہٰ او آئی سی کے سکریٹری جنرل منتخب
کونسل کے اجلاس میں 'انسانیت سوز چیلنجز کا مقابلہ' کے موضوع پر بھی ذہن سازی کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔
- او آئی سی ہے کیا ؟
اسلامی تعاون تنظیم پہلے اسلامی کانفرنس کی تنظیم تھی جو بین الاقوامی تنظیم ہے جس کی بنیاد سنہ 1969 میں رکھی گئی جو 57 رکن ممالک پر مشتمل ہے جس کی مجموعی آبادی 2015 سے 1.8 بلین سے زیادہ ہے تو وہیں اس میں شامل 49 ممالک مسلمان اکثریتی ممالک ہیں۔
- آئی سی کے نئے سکریٹری جنرل کا انتخاب:
اس اجلاس کے دوران سینٹرل افریقی ملک چاڈ کے سابق وزیر برائے امور خارجہ حسین براہیم طٰہٰ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا نیا سکریٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے۔
او آئی سی کے موجودہ جنرل سکریٹری یوسف الاثمین نے اسلامی تعاون تنظیم کے نئے سیکرٹری جنرل کو مبارکباد پیش کی اور انھوں نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔