روسی صدر ولادیمیر پوتن نے آئندہ ماہ پارلیمانی انتخابات سے قبل اپنی غیر معروف جماعت یونائیٹڈ رشیا کی حمایت کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور آرمی کے عملے کو 200 ڈالر دینے کا حکم دیا ہے۔
ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق یہ ادائیگی پہلے پنشن لینے والے افراد کو 135 ڈالر نقد رقم کی ستمبر میں ہونے والے ایوان زیریں کے ڈوما الیکشن سے قبل ادائیگی کی پیروی میں کی جائے گی، اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور آمدنی میں کمی کے باعث یونائیٹڈ رشیا کی مقبولیت شدید متاثر ہوئی ہے۔
روس کے قانونی معلومات کے پورٹل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ولادی میر پوتن نے فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ان کے 'سماجی تحفظ' کے لیے ایک بار 15 ہزار روبلز یعنی (200 ڈالر) نقد ادائیگی کے احکامات پر دستخط کیے۔
اگرچہ روس کی جانب سے یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ کتنے لوگ رقم وصول کریں گے، تاہم سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 4 کروڑ 20 لاکھ پنشنرز اور فوج، پولیس اور نیشنل گارڈ کے 17 لاکھ اہلکار ہیں۔
خبر ایجنسی 'انٹرفیکس' نے قانون ساز اینڈری ماکاروف، جو روس کے ایوان زیریں کی بجٹ کمیٹی کے سربراہ ہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 5 کھرب روبلز یعنی 6 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: روسی اور امریکی سفیروں کی واشنگٹن اور ماسکو واپسی پر اتفاق
رقم کی ادائیگی کا حکم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روسی حکام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے چیلنج کا سامنا ہے۔ ولادیمیر پوتن اپنی حکومت کو سال 2020 کے اختتام سے اب تک کئی بار قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کا حکم دے چکے ہیں۔
(یو این آئی)