روس میں بھارتی سفیر وینکٹیش ورما نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال پورے خطے کے لیے تشویش کا باعث ہے اور روس اور بھارت کے لیے بہتر ہے کہ وہ افغانستان کے ایجنڈے پر مل کر کام کریں، کیونکہ دونوں وہاں کی پیش رفت سے متاثر ہوئے ہیں۔
وینکٹیش ورما نے بدھ کے روز کہا کہ افغانستان میں صورتحال کو حل کرنے کے لئے گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری بین الاقوامی کوششوں کے نتائج بشمول 2020 دوحہ مذاکرت اور توسیعی مذاکرات کے، تمام شرکاء کے منصوبہ سے بہت برعکس ہیں۔
بھارت نے دوحہ مذاکرات میں حصہ نہیں لیا تھا اور اب بھی توسیع شدہ ٹروئیکا (روس، امریکہ، چین اور پاکستان) کا رکن نہیں ہے۔
ونکٹیش ورما نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے سوال پر نئی دہلی میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور روسی داخلی سلامتی کے سربراہ نکولے پتروشیف کے درمیان مذاکرات میں بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات پورے خطے کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ بھارت اور روس ان پیش رفتوں سے بہت متاثر ہیں۔ اور جو کچھ ہو رہا ہے اس سے دونوں ممالک کے مفادات خطرے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی خودمختاری، آزادی اور سالمیت کا احترام کرتے ہیں: چین
بھارتی سفیر نے کہا کہ "اس کے ساتھ ساتھ اس بات پر زور دینا ضروری ہے کہ اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد، بہت سارے جدید ہتھیار اب مسلح گروہوں کے ہاتھوں میں ہیں۔ میرے خیال میں ہم سبق سیکھ چکے ہیں اور یہ بہتر ہوگا کہ بھارت اور روس افغان ایجنڈے پر مل کر کام کریں"۔
یو این آئی