برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن اور فرانس کے صدر امینیول میکرون نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے اس بات کا اعلان کیا ہے ۔ بیان کے مطابق دونوں ہی ملک كووڈ -19 سے نمٹنے کے لئے کئے جا رہے اقدامات کے سلسلے میں ایک دوسرے سے معلومات کا اشتراک کریں گے ۔
مسٹر جانسن نے اس سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی برطانیہ میں باہر سے آنے والے لوگوں کے لئے قرنطینہ کو لازمی کیا جائے گا ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ قرنطینہ کو تمام ممالک کے شہریوں کے لئے لازمی کیا جائے گا یا نہیں، تاہم فرانس کے شہریوں کو اس سے مستثنیٰ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مشترکہ بیان کے مطابق دونوں لیڈروں نے کوروناوائر س کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں ممالک میں کورونا کے کیسز میں کمی آئی ہے لیکن باہر سے آنے والے افراد میں انفیکشن پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہے ۔
مسٹر جانسن اور مسٹر میکرون نے کہا کہ كووڈ -19 کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لئے دونوں ہی ملک اپنی اپنی سرحد پر سخت قوانین لاگو کریں گے ۔ واضح رہے کہ برطانیہ اور فرانس دونوں ہی ملک كووڈ -19 سے شدید متاثر ہیں ۔ برطانیہ میں کورونا کی وجہ اب تک 31930 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ فرانس میں اس وبا سے 26383 افراد کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے ۔