برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے سینٹرل پارک میں جارج فلائیڈ کی دردناک موت کے خلاف سینکڑوں افراد یکجا ہوئے اور امریکی پولیس اہلکار کے خلاف احتجاج کیا۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست مینی سوٹا کے مینی پولیس شہر میں 25 مئی کو ایک امریکی پولیس اہلکار نے 46 سالہ سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔
پولیس اہلکار نے فلائیڈ کے گلے پر 8 منٹ 46 سکنڈ تک اپنا گھٹنا رکھا تھا۔ اس دوران فلائیڈ کے منہ سے 'میں سانس نہیں لے سکتا' کے الفاظ بھی سنے گئے تھے۔ آخر کار جارج فلائیڈ کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی تھی۔
اس حادثے کے بعد سے ہی امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ حالانہ کہ ملزم پولیس اہلکار ڈیریک چاوون کو ملازمت سے برطرف کر کے ان پر قتل کا مقدمہ درج کر کے گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔