عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) چین کے شہر ووہان سے شروع ہوا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا پوری دنیا میں پھیل گئی۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے محققین اور سائنس دانوں کی ٹیم اس وبا کے آغاز کے سلسلے میں جاننے اور اس پر تحقیق کے لیے چین کا سفر کرے گی۔
- چینی حکام اس دورے کی سرپرستی نہیں کریں گے:
عالمی ادارہ صحت کے ہنگامی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ 'کورونا وائرس وبائی مرض کی اصلیت کو جاننے اور تحقیق کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم جنوری کے پہلے ہفتے میں چین کا سفر کرے گی۔ اس دورے کی نگرانی چینی حکام نہیں کریں گے'۔
ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ 'اس ٹیم کے لئے قرنطینہ کے خصوصی انتظامات ہوں گے جنہیں چینی حکومت کے جارہ کردہ کورونا حفاظتی اقدامات کی پاسداری کرنا ہوگا۔ یہ ٹیم ووہان شہر میں وبا پھیلنے کے مشتبہ مقام کا بھی دورہ کرے گی'۔
- کورونا وائرس کا نقطۂ آغاز:
انہوں نے جنیوا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'اس مشن کا مقصد کورونا وائرس کے نقطۂ آغاز کے دورہ کرنا اور اس کے بارے میں جاننا ہے، جہاں سے سب سے پہلے اس وبا کے کیسز سامنے آئے تھے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم ہے جو بین الاقوامی شہرت کی حامل ہے جو ہمارے چینی ساتھیوں کے ساتھ کام کرے گی۔ چینی عہدے دار اس ٹیم کی نگرانی نہیں کریں گے'۔
آخر میں رواں برس کے اختتام، ویکسین کی تیاری اور اس کے قابل استعمال ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ریان نے کہا کہ دنیا کو ویکسینز کی آمد کا جشن منانا چاہئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متنبہ کیا کہ کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی لڑائی میں اگلے تین سے چھ ماہ سخت ہونے والے ہیں۔