چین نے ایران نیوکلیائی معاہدے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے اور اس سے وابستہ مشترکہ جامع ایکشن پلان (جے سی پی او اے) کا پورے عزم کے ساتھ حمایت کرتا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے منگل کو نیوکلیائی معاہدے کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔
بیان کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے سات جون کو اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ کر ایران نیوکلیائی معاہدے کے سلسلے میں چین کے رخ اور نظریہ سے باخبر کرایا۔
ترجمان نے کہا کہ پانچ برس پہلے چین، روس، فرانس، جرمنی، برطانیہ اور امریکہ نے یوروپی یونین کے ساتھ مل کر ایران کے ساتھ ویانا میں ایک تاریخی نیوکلیائی معاہدے کیا تھا۔ اسے سلامی کونسل کی تجویز2231 کی حیثیت سے تسلیم بھی کیا گیا تھا۔
جے سی پی او اے بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ نظام کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے۔ یہ علاقائی اور عالمی امن اور استحکام قائم رکھنے میں کافی اہم کردار نبھا سکتا ہے۔ اس سے کثیر جہتی تنازعات کو حل کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔