یہ مریخ پر متحدہ عرب امارات کا پہلا خلائی مشن ہے، اسے جاپان سے لانچ کیا گیا ہے، فروری 2021 میں یہ مریخ کے مدار میں پہنچ جائے گا، اس مشن کو 'ہوپ' کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔
اس 'یان' میں کوئی انسان نہیں گیا ہے اس کی لانچنگ کو براہ راست نشر بھی کیا گیا اس خلائی جہاز پر عربی میں 'العمل' لکھا ہوا تھا، یہ جنوبی جاپان کے تنیگشیما خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا۔
لانچنگ کے فوری بعد ہی راکٹ تیار کرنے والے متسوبشی ہیوی انڈسٹری نے کہا، 'ہم نے H-IIA لانچ وہیکل نمبر 42 (H-IIA F42) کو آج کامیابی کے ساتھ لانچ کیا، امارات مارس مشن 'ہوپ' اسپیس کرافٹ کو جاپان کے وقت کے مطابق صبح 6:58 بجکر روانہ کیا گیا جبکہ بھارتی وقت کے مطابق صبح 3:28 پر اس کی لانچنگ ہوئی۔ اس وقت مریخ کی تلاش کرنے والے آٹھ فعال مشنز ہیں۔ کچھ سیارے کے مدار میں اور کچھ اس کی سطح پر آگئے ہیں۔ چین اور امریکہ بھی رواں برس دو خلائی مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وزیر برائے جدید سائنس سارہ امیری کے مطابق امارات کے مریخ مشن پر 200 ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے اور اس کا مقصد پہلی بار فضا کی مکمل تصاویر فراہم کرنا ہے، جس میں روزانہ اور موسمی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا جائیگا۔
متحدہ عرب امارات نے سب سے پہلے سنہ 2014 میں مشن کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا اور مقامی مہارت کو فروغ دینے کے لئے 2017 میں ایک قومی خلائی پروگرام شروع کیا تھا۔