ایران میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے او ر یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس خطرناک عالمی وائرس سے 122لوگوں کی موت ہونے کے سا تھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1934 ہوگئی ہے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ صحت اور طبی تعلیم وزارت کے رابطہ عامہ اور اطلاعاتی مرکز کے سربراہ کیانشو جہانپور نے بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 1762نئے معاملات درج کئے گئے ہیں اور اس دوران 24 گھنٹوں کے دوران 122 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس طرح کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 24811ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک اس وائرس سے متاثر 8913لوگ علاج کے بعد ٹھیک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس انفیکشن کے لئے اب تک 4.1کروڑ لوگوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔
مسٹر جہانپور نے بتایا کہ ملک میں اس وائرس سے متاثرین کی اوسط عمر 59برس اور مرنے والوں کی اوسط عمر 64 برس ہے۔ ایران اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔
واضح رہے کہ فی الحال دنیا بھر میں تقریبا 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس میں 16 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ متاثرین میں سے 1 لاکھ 2 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔