کولمبو ساحل کے قریب کنٹینر جہاز میں آگ لگنے کے بعد سری لنکا کی بحریہ کے جوانوں نے منگل کے روز دو بھارتیوں سمیت عملے کے تمام 25 اراکین کو بچانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آگ بجھانے کا کام ابھی جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں بھارتی امدادی کارروائی کے دوران شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
انہیں کولمبو نیشنل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال دونوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ گجرات کے ہزیرہ سے کاسمیٹکس کے لئے کیمیکلز اور دیگر خام مال کولمبو ساحل لے جانے والے ایک کنٹینر جہاز ایم وی ایکس پریس پرل میں ساحل سے 9.5 سمندری میل کے فاصلے پر آگ لگ گئی۔
بحریہ، پورٹ اتھارٹی اور میرین انوائرمینٹل سیفٹی اتھارٹی نے فوری طور پر آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور خیال کیا جاتا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
منگل کی صبح جہاز کے ایک حصے میں نائٹرک ایسڈ ذخیرہ ہونے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔
سری لنکا کی ایئر فورس کے بیل 212 ہیلی کاپٹر کو آگ پر قابو پانے کے لئے لگایا گیا۔ اس دوران جہاز کے عملے کے تمام 25 ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔
عملے میں فلپائن، چین، بھارت اور روس کے شہری شامل تھے۔'کولمبو گزٹ 'اخبار کے مطابق دونوں بھارتی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ نیوی نے کہا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس مہم کے دوران آٹھ کارگو کنٹینر سمندر میں گر گئے۔
بحریہ کے ترجمان کیپٹن انڈیکا ڈےسلوا نے بتایا کہ آگ کیمیائی رد عمل کی وجہ سے لگی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ تیز بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہے۔