جنوبی کوریا کے صدر دفتر نے این ایس سی کی آج صبح ہنگامی میٹنگ بلائی۔ قومی سلامتی کے دفتر کے سربراہ چنگ ایو یونگ نے میٹنگ کی صدارت کی۔ اس کے علاوہ صدر مون جے ان کو بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بارے میں اطلاع دی گئی ہے۔
اس سے پہلے جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے کہا کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ٹونگچون علاقے سے آج دو نامعلوم میزائلوں کا تجربہ کیا۔ دونوں ہی میزائل جاپان کے سمندر میں جاکر گرے۔
جولائی کے آخر سے اب تک پيونگ يانگ کی جانب سے کیا گیا یہ چھٹا میزائل تجربہ ہے، یہ تجربہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والی فوجی مشقوں کو روکنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
شمالی کوریا نے گزشتہ اتوار کو کہا تھا کہ اس نے ایک نئے ہتھیار نظام کا تجربہ کیا ہے۔
واضح ہے کہ جون میں کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے جزیرہ نما کوریا کے جوہری تخفیف اسلحہ کے معاملے پر جلد بات چیت شروع کرنے پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔