عالمی وباکورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سعودی عرب، ترکی، شام، مصر، الجزائر میں کہیں عید الفطر کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے تو کسی اور ملک میں اس موقع پر کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی عرب، الجزائر اور مصر میں نمازِ عید کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
شام کی حکومت نے بھی ملک میں عید الفطر کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
شامی وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے شامی عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھر کے افراد کے ساتھ گھر پر ہی نماز عید ادا کی جائے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ملک بھر میں عید پر کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ عید پر لاک ڈاؤن ہفتے سے منگل تک جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے لیے استنبول، انقرہ اور کئی شہروں میں کر فیو نافذ کیا جا رہا ہے۔
ترک صدر کے سابقہ احکامات کے تحت مساجد 29 مئی سے کھولی جائیں گی، جبکہ ترکی میں اسکولوں میں پڑھائی ستمبر میں شروع ہو گی۔