کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر روک لگانے کے لیے سعودی عرب نے مملکت کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر کچھ دنوں کے لیے 9 ممالک کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین سے لوگوں کی آمد کو صرف فضائی راستوں تک محدود کر دی تھی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکومت نے متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، جنوبی کوریا، مصر، اطالیہ اور عراق 9 ممالک کے لیے سفر پر عارضی پابندی کا اعلان کیا ہے۔
اس طرح اُن افراد کے داخلے پر بھی پابندی ہو گی جو مملکت میں آنے سے قبل 14 روز کے دوران ان ممالک میں موجود تھے۔
سعودی عرب نے مملکت اور مذکورہ ممالک کے درمیان فضائی اور سمندری سفر کا سلسلہ بھی روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ مطلوبہ احتیاطی اقدامات کے ساتھ لوگوں کو علاقے سے باہر لانے اور کارگو اور تجارتی سفر اس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔