عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا ویکسین کی سپلائی کے سلسلے میں امیر ممالک پر اپیل کی ہے کہ وہ غریب اور پسماندہ ترین ملکوں تک کورونا کی ویکسین کو پہنچانے میں مدد کریں۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 'ڈبلیو ایچ او کے تقسیمِ ویکسین نظام ’کووَیکس‘ نے ویکسین کی دو کروڑ خوراکوں کا معاہدہ کیا ہے لیکن امیر ممالک دو طرفہ سودے کر کے ویکسین کی اضافی سپلائی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ان ممالک سے اپیل کرتا ہوں جن کے پاس وافر مقدار میں ویکسین مہیا ہیں، وہ فوراً ’کووَیکس‘ کو بھی ویکسین مہیا کروائیں۔ اب تک 42 ممالک نے ٹیکہ کاری شروع کر دی ہے جن میں 36 اعلیٰ آمدنی اور چھ متوسط آمدنی والے ملک شامل ہیں۔
ٹیڈروس گیبریسس نے جمعہ کے روز کہا کہ ویکسین ساز کمپنیاں اور امیر ممالک ویکسین کے سلسلے میں دو طرفہ سودے کرنا بند کریں اور زیادہ سے زیادہ ویکسین بنانے اور اس کی یکساں تقسیم پر زور دیں۔
مزید پڑھین:
کورونا کی ٹیکہ کاری 16 جنوری سے ہوگی شروع
امیر ممالک نے شروعات میں ہی کئی ویکسین خریدی ہیں۔ اس سے ممکنہ طور پر سبھی کے لیے ویکسین کی قیمت بڑھ جائے گی جس سے انتہائی غریب اور پسماندہ ممالک کو ویکسین نہیں مل پائے گی۔