ہانگ کانگ کے کولون علاقہ میں احتجاجی مظاہرین نے ایک تھانہ کے باہر آگ لگادی اور کئی ریلوے اسٹیشنوں کے آپریشن میں رکاوٹ ڈالی ۔
پولیس نے کہاکہ کئی مظاہرین نے مانگ کوک کے پولیس اسٹیشن کا محاصرہ کرلیا اور پولیس اہلکاروں پر لیزربیم بھی ڈالی جس سے مجبورا پولیس اسٹیشن کی رپورٹ روم خدمات کو معطل کرنا پڑا۔
انھوں نے کہاکہ مظاہرے کے دوران کئی لوگوں نے پولیس اسٹیشن کے باہر آگ زنی بھی کی۔پولیس نے کہا،’’ ہم نے مظاہرین کو تشددنہ کرنے کئی وارننگ بھی دی لیکن اسکا ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مناسب فورس تعینات کی جاسکتی ہے ۔‘‘
اس کے علاوہ کئی مظاہرین نے ٹرین خدمات میں بھی رکاوٹ ڈالی جس کی وجہ سے ریلوے آپریٹر نے کئی اسٹیشنوں کو بند کرنے اور ٹرین خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا۔
ہانگ کانگ انتظامیہ نے ایک بیان میں کہاکہ حکومت مظاہرین کے اس برتاؤ کی سخت مذمت کرتی ہے ۔انھوں نے لوگوں کو اس طرح حرکتوں کی وکالت یا ان میں حصہ نہ لینے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لینے کی ہدایت بھی دی ۔
واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں چین حامی حکومت کی طرف سے حوالگی سے متعلق بل منظور کرانے کی کوشش کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہورہاہے ۔مظاہرین دراصل اس بل کو ہانگ کانگ کی خودمختاری کے خلاف تصور کرتے ہیں اور اب بل واپس لینے کے ساتھ ساتھ پولیس کی طرف سے ہوئی زیادتی کی جانچ کا بھی مطالبہ کررہے ہیں ۔