افغانستان میں موجود سول سوسائٹی کی ایک معروف شخصیت رشید 'فری اینڈ فیئر الیکشن فورم آف افغانستان' کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تھے۔
مسٹر رشید کے بھائی عبدالباقی رشید کے بیان کے مطابق یہ قتل مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے کابل شہر کے پی ڈی 7 میں تانی کوٹی علاقے میں ہوا۔ جب وہ دفتر جارہے تھے کہ بندوق برداروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کردی۔
گولی لگنے سے مسٹر رشید کا ڈرائیور سمیع بھی زخمی ہوگیا۔ دونوں کو نزدیک میں واقع ہسپتال لے جایا گیا لیکن مسٹر رشید ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، بعد میں ہسپتال میں زیر علاج سمیع کی بھی موت ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل، 23 مارچ کو پارلیمانی انتخابات
امریکی سفارت کار راس ولسن نے مسٹر رشید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں 'افغانستان میں نمائندہ جمہوریت کے لیے وقف اور پرعزم وکیل' قرار دیا۔
مسٹر ولسن نے بتایا کہ 'انہوں نے تمام افغانیوں کو شامل کرنے والے آزاد اور شفاف انتخابات یقینی بنانے کے لیے برسوں تک انتھک محنت کی۔ ان کی موت ان کے کنبہ، دوستوں اور قوم کے لیے نقصاندہ ہے'۔
ابھی تک طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔