شمال مغربی پاکستان میں وراثت کے ایک ماہر نے کہا کہ تقسیم ہند کے وقت پاکستان چھوڑنے والے مشہور بھارتی فنکاروں اور اداکاروں کے تمام آبائی گھروں کو محفوظ کرکے سیاحتی مقامات میں تبدیل کیا جانا چاہئے۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے گذشتہ ہفتے صوبائی دارالحکومت پشاور میں بالی ووڈ کے اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی خریداری کی منظوری دی ہے۔
اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے ثقافتی ورثہ، خیبر پختون خوا کے سکریٹری شکیل وحید اللہ نے کہا کہ کارکنوں نے 13 سال تک جدوجہد کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان سلور اسکرین کے گھروں کو محفوظ کیا جائے۔ وحید اللہ نے کہا کہ اس طرح کے مکانات پاکستان میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔
راج کپور کا آبائی گھر، جسے کپور حویلی کہا جاتا ہے، قصہ خوانی بازار میں واقع ہے۔ یہ عظیم اداکار کے دادا دیوان بشیشورناتھ کپور نے 1918 سے 1922 کے درمیان تعمیر کرایا تھا۔ راج کپور اور ان کے چچا ترلوک کپور یہاں پیدا ہوئے تھے۔ صوبائی حکومت نے اسے قومی ورثہ قرار دیا ہے۔
اداکار دلیپ کمار کا 100 سالہ قدیم مکان بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔ یہ مکان خستہ حالی کا شکار ہے اور اسے اس وقت کی نواز شریف حکومت نے 2014 میں قومی ورثہ قرار دیا تھا۔ صوبائی حکومت نے دو عمارتوں کی خریداری کے لئے 2.30 کروڑ روپئے جاری کیے ہیں۔
وحید اللہ نے بتایا کہ پشاور میں اور بھی بہت سے بھارتی اداکار کے آبائی گھر پشاور میں ہیں جن میں شاہ رخ خان، مدھو بالا، سائرہ بانو، ونود کھنہ، انیل کپور، امجد خان، منوج کمار اور رندھیر کپور شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ کونسل پاکستان میں مقیم ان اداکاروں کے اہل خانہ کو سیاحت کے فروغ کے لئے پشاور میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی دعوت دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ مدھو بالا اور اداکار شاہ رخ خان کے والد کے آبائی گھروں کی تزئین کاری بھی کی جانی چاہئے۔