اطلاعات کے مطابق پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے کارگذار سربراہ کی حیثیت سے مقرر کئے گئے جینت کھوبراگڈے کو ویزا دینے سے اس لیے انکار کردیا کیونکہ وہ بہت زیادہ سینئر ہیں۔
کھوبراگڈے کی تقرری کے تعلق سے پاکستان کو گذشتہ جون میں ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں ابھی تک بھارت کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ’ایک سینئر سفارتکار کو جسے قبل ازیں بطور سفیر تعینات کیا جاچکا ہو انہیں اس ذمہ داری پر تعینات کرنا سفارتی تعلقات کی سطح میں کمی کے مترادف تصور کیا جائے گا‘۔
گذشتہ سال اگست میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پاکستان نے بھارتی سفیر کو ملک واپس بھیج دیا اور اپنے ہائی کمشنر کو نئی دہلی نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا، تب سے بالترتیب اسلام آباد اور نئی دہلی میں بھارتی اور پاکستانی دونوں ہائی کمیشنز کی سربراہی مشنز کے نائب سربراہان کر رہے ہیں جبکہ اس وقت سے بھارت اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی سطح میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے۔