پاکستان کے ضلع سکھر کے پنو عاقل میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسلام آباد سے ملنے والی خبروں کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایک اینٹوں سے بھرا ہوا کھلا ٹرک جس میں 12 سے زائد افراد بھی سوار تھے وہ سانگھی کے علاقے کے قریب الٹ گیا۔
ٹرک الٹنے سے اس میں سوار مسافر سڑک پر گر پڑے اور اینٹیں ان پر آگریں جس کے باعث 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے-
ان میں 4 خواتین اور 7 بچے شامل تھے۔ حادثہ میں ٹرک ڈرائیور اور اس کا مکینک زخمی ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹرک میں سوار مسافر شادی میں شرکت کے لئے صادق آباد سے کراچی جارہے تھے۔
ان میں سے کچھ کا کہنا تھا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک ڈرائیور نے گنے لیجانے والی ٹریکٹر ٹرالی کو اووٹیک کرنے کی کوشش کی اور گاڑی کا کنٹرول کھو دیا اور کھائی میں جاگرا۔