کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو حکومت نے کرتارپور صاحب کوریڈور کے افتتاحی پروگرام میں شامل ہونے اور گردوارہ کے درشن کی مشرو ط اجازت دے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ کانگریس کے رہنما، رکن اسمبلی اور سابق وزیر مسٹر سدھو کو 9نومبر کو کرتارپور صاحب جانے کی سیاسی منظوری مل گئی ہے لیکن یہ منظوری مشروط ہے۔
وہ افتتاح کے موقع پر جانے والے پہلے جتھے میں شامل ہوں گے جس میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ بھی جائیں گے۔
کرکٹ کی دنیا سے سیاست میں قدم رکھنے والے مسٹر سدھو نے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو آج دن میں بھیجے اپنے تیسرے خط میں لکھا تھا کہ قانون پر عمل کرنے والے شہری کے طورپر مرکزی حکومت اجازت ملنے پر ہی پاکستان جانے کے خواہش مند ہیں۔
اگر حکومت کو کسی طرح کا اعتراض ہے اور انہیں منع کردیتی ہے تو قانون پر عمل کرنے والے شہری کے طورپر وہ نہیں جائیں گے۔ اگر ان کے تیسرے خط کا جواب نہیں دیا گیا تو وہ لاکھوں سکھ عقیدت مندوں کی طرح مناسب ویزا پر پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔
اس سے پہلے شام کو وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے باقاعدہ بریفنگ کے دوران مسٹر سدھو کو سیاسی منظوری دیئے جانے سے متعلق سوالات کا واضح جواب نہیں دیا تھا۔
مسٹر کمار نے کہاکہ مسٹر سدھو کیا کرنا چاہتے ہیں، یہ ان پر منحصر ہے۔کرتارپور کوریڈور کا موضوع بہت بڑا ہے اس لئے ہم افراد کے مسئلوں پر توجہ مرکوز نہیں کرسکتے ہیں۔