بزنس میگزین فوربز کی فہرست کے مطابق کائیلی جینر دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی بن گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مارک زکربرگ 23 سال کی عمر میں ارب پتی بنے تھے، جبکہ ان کے مقابلے میں سوشل میڈیا سٹار نے یہ کامیابی 21 سال کی عمر میں حاصل کی ہے۔
کارڈیشیئن فیملی کی نوجوان ترین رکن کائیلی جینر نے سنہ 2015 میں میک اپ کا سامان فروخت کرنا شروع کیا اور اس کا نام کائیلی کاسمیٹکس رکھا۔
روایتی کمپنیوں کے برعکس ان کی مصنوعات صرف آن لائن فروخت کی جاتی ہیں، تاہم وہ اس قدر مقبول ہیں کہ فوری طور پر بک جاتی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق کائیلی کی کمپنی نے گذشتہ سال 36 کروڑ ڈالرز کی مصنوعات فروخت کیں۔
کائیلی جینر نے بزنس میگزین فوربز کو بتایا 'میں نے کاروبار شروع کرتے ہوئے ایسا کچھ نہیں سوچا تھا مگر اب یہ محسوس کرکے اچھا لگتا ہے کہ محنت رنگ لائی ہے۔'
کائیلی جینر سوشل میڈیا کا استعمال انتہائی ماہرانہ انداز میں کرتی ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے 11 کروڑ سے زیادہ فالور ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کی عمر 18 سے 34 سال کے درمیان ہیں۔
فوربز نے کائیلی کی کمپنی کے بارے میں بتایا کہ ان کے اوور ہیڈ اخراجات انتہائی کم ہیں۔ انھوں نے صرف 12 ملازم رکھے ہوئے ہیں، جن میں سے صرف سات کل وقتی ہیں۔ دیگر تمام آپریشنز آؤٹ سورس کیے گئے ہیں۔
ان کی زیادہ تر اشتہاری مہمات سوشل میڈیا کے ذریعے مفت چلائی جاتی ہیں۔