نیتن یاہو نے آرمی ہیڈ کوارٹرز میں ایک بریفنگ میں کہا کہ “دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ہماری مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری ہے۔ ہم حماس کو اس کی جارحیت کی زیادہ قیمت ادا کرنے پر مجبور کریں گے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیلی دفاعی دستوں نے 1500 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ "
نیتن یاھو نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ غزہ میں جب تک ضرورت ہوگی تب تک حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اسرائیلی شہریوں کو ہلاکتوں سے بچانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی پر فضائی حملے میں قطر کے الجزیرہ ٹیلی ویژن اور امریکی خبر رساں ایجنسی دی ایسوسی ایٹ پریس کی 13 منزلہ عمارت کو تباہ کردیا تھا۔
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ 'تنازعے کی شروعات کے بعد سے اسرائیلی فضائی حملوں میں مارے گئے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 181 ہوگئی ہے جس میں 52 بچے اور 21 خواتین شامل ہیں'۔
واضح رہے کہ 10 مئی کی شام کو اسرائیل اور فلسطین کی غزہ پٹی کی سرحد پر کشیدگی بڑھ گئی۔ غزہ کی پٹی سے 16 مئی کی صبح تک اسرائیل میں 2900 راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے اسرائیل نے ایک ہزار 150 راکٹ اسرائیل نے فضا میں ختم کر دیئے تھے۔