انڈونیشیا میں آج یعنی 24 مئی 2020 کو عید کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مسلمانوں نے کورونا وائرس کے دوران گھروں سے باہر نکل کر عید کی نماز ادا کی۔
گریٹر جکارتہ اور بیکاسی میں ماہ رمضان کے اختتام پر ہزاروں افراد نے مساجد بند ہونے کے سبب سڑکوں پر ہی عید الفطر کی نماز ادا کی۔
کورونا وائرس کے سبب انڈونیشیا میں مساجد اور کھلے میدانوں میں اجتماعی نماز پر پابندی ہے، لیکن اس کے باوجود لوگوں نے بڑی تعداد میں یکجا ہو کر سڑکوں پر ہی عید کی نماز ادا کی۔
اس موقع پر مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی گھروں سے باہر نکلے۔ نماز کے دوران نمازیوں نے سوشل ڈسٹنسنگ کا خاص خیال رکھا۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا ایک ایسا ملک ہے، جہاں کورونا وائرس سے جنوب مشرقی ایشیا میں اموات کی شرح سب سے زیادہ ہے۔