جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 97،77،889 افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ اس وبا سے 4،93،672 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے، دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے اموات کے اعداد و شمار کے معاملہ میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 18 ہزار 552 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ آٹھ ہزار 953 ہوگئی ہے، اسی مدت کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آنے سے 384 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 15،685 ہوگئی ہے۔
اس وقت ملک میں کوروناوائرس کے 1،97،387 فعال کیسز موجود ہیں اور اب تک 2،95،881 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ کورونا سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔