امریکہ اور ازبکستان کے درمیان ایک نئے معاہدے کے تحت افغان پائلٹوں کے ایک گروپ کو رواں ہفتے کے آخر میں ازبکستان سے ایک امریکی فوجی اڈے میں منتقل کیے جانے کی توقع ہے۔ دی وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست کے وسط میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد ازبکستان بھاگ گئے افغان فضائیہ کے پائلٹوں کو ممکنہ طور پر دوحہ میں امریکی فوجی اڈے لے جایا جائے گا، حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ آخر پائلٹوں کو امریکہ منتقل کیا جائے گا یا نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان نے سرکاری عہدیداروں اور فوج کے ارکان کو معافی دینے کا وعدہ کیا ہے، لیکن پائلٹوں کو اب بھی اپنی حفاظت کے بارے میں خدشات ہیں۔ وہیں پائلٹوں کو حوالے کرنے کے لیے ازبک حکومت پر طالبان کا دباؤ بھی ہے۔
افغانستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کو سلامتی کونسل یقینی بنائے: ملالہ
رپورٹ کے مطابق اس وقت ازبکستان میں 46 طیارے ہیں اور عملے اور ان کے خاندانوں سمیت کل 585 افراد ہیں۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے پائلٹوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان واپس جائیں کیونکہ ملک کوخود کی تعمیرنو کے لیے اپنے لوگوں کی ضرورت ہے۔
(یو این آئی)